سورة الحديد - آیت 21

سَابِقُوا إِلَىٰ مَغْفِرَةٍ مِّن رَّبِّكُمْ وَجَنَّةٍ عَرْضُهَا كَعَرْضِ السَّمَاءِ وَالْأَرْضِ أُعِدَّتْ لِلَّذِينَ آمَنُوا بِاللَّهِ وَرُسُلِهِ ۚ ذَٰلِكَ فَضْلُ اللَّهِ يُؤْتِيهِ مَن يَشَاءُ ۚ وَاللَّهُ ذُو الْفَضْلِ الْعَظِيمِ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

(آؤ) دوڑو اپنے رب کی مغفرت کی طرف (١) اور اس کی جنت کی طرف جس کی وسعت آسماں و زمین کی وسعت کے برابر ہے (٢) یہ ان کے لئے بنائی گئی ہے جو اللہ پر اور اس کے رسولوں ایمان رکھتے ہیں۔ یہ اللہ کا فضل ہے جس چاہے دے (٣) اور اللہ بڑے فضل والا ہے۔ (٤)

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(20) دنیا اور اس کی نعمتوں کی حقارت اور بے ثباتی بیان کرنے کے بعد، اس آیت کریمہ میں آخرت کی بیش بہا اور دائمی نعمتوں کے حصول کی رغبت دلائی گئی ہے بندوں کو اللہ کی مغفرت، اس کی رضا اور جنت کے حصول کے لئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی نصیحت کی گئی ہے اور یہ چیزیں صدق دل سے توبہ، طلب مغفرت، گناہوں سے دوری، عمل صالح اور اللہ کی مخلوق کے ساتھ بھلائی کرنے سے حاصل ہوتی ہیں۔