سورة آل عمران - آیت 193
رَّبَّنَا إِنَّنَا سَمِعْنَا مُنَادِيًا يُنَادِي لِلْإِيمَانِ أَنْ آمِنُوا بِرَبِّكُمْ فَآمَنَّا ۚ رَبَّنَا فَاغْفِرْ لَنَا ذُنُوبَنَا وَكَفِّرْ عَنَّا سَيِّئَاتِنَا وَتَوَفَّنَا مَعَ الْأَبْرَارِ
ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی
اے ہمارے رب! ہم نے سنا کہ منادی کرنے والا با آواز بلند ایمان کی طرف بلا رہا ہے کہ لوگو! اپنے رب پر ایمان لاؤ پس ہم ایمان لائے یا الٰہی! اب تو ہمارے گناہ معاف فرما اور ہماری برائیاں ہم سے دور کردے اور ہماری موت نیکوں کے ساتھ کر۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
130۔ دعا کا یہ انداز اللہ تعالیٰ کے لیے کمالِ خشوع و خضوع، اور قبولیت دعا کے لیے انتہائے رغبت کے اظہار کے لیے ہے اور منادی سے مراد نبی کریم (ﷺ) کی ذات ہے، اور لفظ منادی کا استعمال اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ نبی کریم (ﷺ) نے پکار پکار کر اسلام کی دعوت، پوری تندہی اور جانفشانی کے ساتھ لوگوں کے سامنے پیش کردی۔