سورة الفتح - آیت 4

هُوَ الَّذِي أَنزَلَ السَّكِينَةَ فِي قُلُوبِ الْمُؤْمِنِينَ لِيَزْدَادُوا إِيمَانًا مَّعَ إِيمَانِهِمْ ۗ وَلِلَّهِ جُنُودُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۚ وَكَانَ اللَّهُ عَلِيمًا حَكِيمًا

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

وہی ہے جس نے مسلمانوں کے دلوں میں سکون اور اطمینان ڈال دیا تاکہ اپنے ایمان کے ساتھ ہی ساتھ اور بھی ایمان میں بڑھ جائیں (١) اور آسمانوں اور زمین کے (کل) لشکر اللہ ہی کے ہیں (٢) اور اللہ تعالیٰ دانا با حکمت ہے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(3) صلح کی شرطوں کی وجہ سے پہلے تو صحابہ کرام میں بڑا اضطراب پیدا ہوا۔ سب سے زیادہ ناراضگی کا اظہار عمر بن خطاب (رض) نے کیا، بالاخر تمام صحابہ نے نبی کریم (ﷺ) کی بات یہ سوچ کر مان لی کہ بہر حال اللہ اور اس کے رسول کی بات ماننے میں ہی ہر خیر ہے اس کا فوری نتیجہ یہ ہوا کہ تمام صحابہ کریم (ﷺ) کی طاعت کا جذبہ پیدا کر کے ان کی بے قراری کا خاتمہ کیا اور اس کا لازمی نتیجہ یہ ہوا کہ ان کے ایمان میں اضافہ ہوا، جیسا کہ مفسرین نے لکھا ہے کہ جب بھی کوئی آیت نازل ہوتی اور صحابہ اس پر ایمان لاتے تو ان کے ایمان کا درجہ بڑھ جاتا تھا امام بخاری اور دیگر ائمہ کرام نے اسی آیت کریمہ سے ایمان میں زیادتی اور نقصان پر استدلال کیا ہے۔ آیت کے دوسرے حصہ میں اللہ تعالیٰ کہ آسمانوں اور زمین میں اس کے بہت سے لشکر ہیں، اس نے بہت سے فرشتے آسمانوں کے لئے اور بہت سے زمین کے لئے پیدا کئے ہیں، ان کے علاوہ کائنات کا ہر ذرہ اللہ کے تابع فرمان ہے، ان لشکروں کے ذریعہ جب چاہے کافروں کو نیست و نابود کر دے، لیکن اس نے جہاد و قتال کو اپنے مومن بندوں پر اپنی جانی سمجھی حکمتوں کی وجہ سے فرض کیا ہے، جنہیں وہی بہتر جانتا ہے۔