سورة محمد - آیت 15

مَّثَلُ الْجَنَّةِ الَّتِي وُعِدَ الْمُتَّقُونَ ۖ فِيهَا أَنْهَارٌ مِّن مَّاءٍ غَيْرِ آسِنٍ وَأَنْهَارٌ مِّن لَّبَنٍ لَّمْ يَتَغَيَّرْ طَعْمُهُ وَأَنْهَارٌ مِّنْ خَمْرٍ لَّذَّةٍ لِّلشَّارِبِينَ وَأَنْهَارٌ مِّنْ عَسَلٍ مُّصَفًّى ۖ وَلَهُمْ فِيهَا مِن كُلِّ الثَّمَرَاتِ وَمَغْفِرَةٌ مِّن رَّبِّهِمْ ۖ كَمَنْ هُوَ خَالِدٌ فِي النَّارِ وَسُقُوا مَاءً حَمِيمًا فَقَطَّعَ أَمْعَاءَهُمْ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اس جنت کی صفت جس کا پرہیزگاروں سے وعدہ کیا گیا ہے، یہ ہے کہ اس میں پانی کی نہریں ہیں جو بد بو کرنے والا نہیں (١) اور دودھ کی نہریں ہیں جن کا مزہ نہیں بدلہ (٢) اور شراب کی نہریں ہیں جن میں پینے والوں کے لئے بڑی لذت ہے (٣) اور نہریں ہیں شہد کی جو بہت صاف ہیں (٤) ان کے لئے ہر قسم کے میوے ہیں اور ان کے رب کی طرف سے مغفرت ہے، کیا یہ مثل اس کے ہیں جو ہمیشہ آگ میں رہنے والا ہے؟ اور جنہیں گرم کھولتا ہوا پانی پلایا جائے گا جو ان کی آنتوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیگا (٥)

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

جس طرح مومن و کافر اور موحد و مشرک کے درمیان فرق ہے، اسی طرح روز قیامت ان کے دائمی ٹھکانوں میں بھی فرق ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اس جنت کے اوصاف جس کا قیامت کے دن اہل تقویٰ سے وعدہ کیا گیا ہے، یہ ہیں کہ اس میں پانی کی ایسی نہریں ہوں گی جن کا پانی کبھی بھی بدمزا نہیں ہوگا، اور اس میں دودھ کی ایسی نہریں ہوں گی جن کا دودھ نہایت سفید اور نہایت میٹھا ہوگا، اور کبھی کھٹا نہیں ہوگا اور اس میں شراب کی ایسی نہریں ہوں گی جن میں پائی جانے والی شراب دیکھنے میں نہایت خوبصورت اور پینے والوں کے لئے نہایت لذیذ ہوگی، اہل جنت کا جی ان کے پینے سے کبھی نہیں اکتائے گا۔ سورۃ الصافات آیات (46/47) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ﴿بَيْضَاءَ لَذَّةٍ لِلشَّارِبِينَ لَا فِيهَا غَوْلٌ وَلَا هُمْ عَنْهَا يُنْزَفُونَ﴾ ” جنت کی شراب صاف شفاف اور پینے میں نہایت لذیذ ہوگی، نہ اس کے پینے سے درد سر ہوگا، اور نہ جنتی اسے پی کر بہکیں گے“ اور اس میں ایسی شہد کی نہریں ہوں گی جو موم، یا چھتے کے ٹکڑوں اور ہر میل کچیل سے صاف ہوگا اور اہل جنت کو وہاں مذکورہ بالا مشروبات کے علاوہ انواع و اقسام کے پھل بھی ملیں گے۔ سورۃ الدخان آیت (55) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ﴿يَدْعُونَ فِيهَا بِكُلِّ فَاكِهَةٍ آمِنِينَ﴾” وہاں وہ ہر طرح کے میوؤں کی فرمائشیں کریں گے، اور بہت ہی پرسکون ہوں گے“ اور سورۃ الرحمٰن آیت (52) میں فرمایا ہے : ﴿فِيهِمَا مِنْ كُلِّ فَاكِهَةٍ زَوْجَانِ﴾ ” ان دونوں میں ہر قسم کے میوؤں کی دو قسمیں ہوں گی۔ “ مسند احمد اور سنن ترمذی میں صحیح سند کے ساتھ معاویہ بن حیدہ (رض) سے مروی ہے، انہوں نے کہا، میں نے رسول اللہ (ﷺ) سے سنا ہے کہ جنت میں دودھ کا سمندر ہوگا، پانی کا سمندر ہوگا، شہد کا سمندر ہوگا اور شراب کا سمندر ہوگا اور ان سمندروں سے نہریں جاری ہوں گی۔ اہل جنت پر اللہ تعالیٰ یہ بھی احسان کرے گا کہ ان کے چھوٹے بڑے تمام گناہوں کو معاف کر دے گا۔ جن خوش نصیب لوگوں پر اللہ کے اتنے عظیم احسانات ہوں گے، کیا وہ ان کے مانند ہوں گے جو ہمیشہ کے لئے جہنم میں ڈال دیئے جائیں گے۔ اس سے کبھی نہیں نکلیں گے اور جنہیں پینے کے لئے اتنا شدید گرم پانی ملے گا کہ پیتے ہی ان کی انتڑیاں ٹکڑے ٹکڑے ہو کر سرین کے راستے باہر نکل جائیں گی۔