سورة الأحقاف - آیت 34

وَيَوْمَ يُعْرَضُ الَّذِينَ كَفَرُوا عَلَى النَّارِ أَلَيْسَ هَٰذَا بِالْحَقِّ ۖ قَالُوا بَلَىٰ وَرَبِّنَا ۚ قَالَ فَذُوقُوا الْعَذَابَ بِمَا كُنتُمْ تَكْفُرُونَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا جس دن جہنم کے سامنے لائے جائیں گے (اور ان سے کہا جائے گا کہ) کیا یہ حق نہیں ہے؟ تو جواب دیں گے کہ ہاں قسم ہے (١) ہمارے رب کی (حق ہے) (اللہ) فرمائے گا اب اپنے کفر کے بدلے عذاب کا مزہ چکھو (٢)۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(22) منکرین قیامت کفار جب جہنم میں ڈال دیئے جائیں گے اس وقت اللہ ان سے پوچھے گا کہ کیا تم اب بھی سمجھتے ہو کہ مردوں کا دوبارہ زندہ کیا جانا برحق نہیں ہے؟ تو وہ کہیں گے کہ اے ہمارے رب ! اب تو یہ حقیقت ہمارے لئے ایسی آشکارا ہوگئی ہے کہ ہم ہرگز اس کا انکار نہیں کرسکتے ہیں، تب اللہ ان سے کہے گا کہ پھر تم اپنے کفر کی بدولت اب اسی جہنم میں جلتے رہو۔