سورة الأحقاف - آیت 27
وَلَقَدْ أَهْلَكْنَا مَا حَوْلَكُم مِّنَ الْقُرَىٰ وَصَرَّفْنَا الْآيَاتِ لَعَلَّهُمْ يَرْجِعُونَ
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
اور یقیناً ہم نے تمہارے آس پاس کی بستیاں تباہ کردیں (١) اور طرح طرح کی ہم نے اپنی نشانیاں بیان کردیں تاکہ وہ رجوع کرلیں (٢)۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(18) اللہ تعالیٰ نے فرمایا : اے اہل قریش ! تمہاے قرب و جوار میں پائی جانے والی کئی بستیوں کو ہم نے ماضی میں تباہ کیا، جیسے قوم عاد، قوم ثمود، قوم لوط اور اصحاب مدین کی بستیاں، ہم نے انہیں تہہ و بالا کردیا اور مختلف طریقوں سے انہیں راہ راست پر لانے کی کوشش کی اور انہیں بہت سمجھایا تاکہ وہ اللہ اور اس کے رسولوں کو جھٹلانے سے باز آجائیں، لیکن ہر تدبیر ناکام رہی اور جوں جوں دوا کی، مرض بڑھتا ہی گیا تو ہم نے انہیں ہلاک کردیا اور ان کی مدد کے لئے کوئی نہیں آیا۔