سورة الزخرف - آیت 46

وَلَقَدْ أَرْسَلْنَا مُوسَىٰ بِآيَاتِنَا إِلَىٰ فِرْعَوْنَ وَمَلَئِهِ فَقَالَ إِنِّي رَسُولُ رَبِّ الْعَالَمِينَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اور ہم نے موسیٰ (علیہ السلام) کو اپنی نشانیاں دے کر فرعون اور اس کے امراء کے پاس بھیجا تو (موسیٰ (علیہ السلام) نے جاکر) کہا کہ میں تمام جہانوں کے رب کا رسول ہوں۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(20) اہل قریش کا حال فرعون کے حال کے مشابہ تھا، اہل قریش نے کہا کہ اگر اللہ کو رسول بنانا تھا تو مکہ کے ولید بن مغیرہ یا طائف کے عروہ بن مسعود کے مانند کسی مال و جاہ والے کو بناتا، نہ کہ محمد جیسے فقیر اور بے حیثیت آدمی کو اور فرعون نے بھی کہا تھا کہ میں بہتر ہوں یا موسیٰ جیسا حقیر انسان اسی لئے اللہ تعالیٰ نے فرعون و موسیٰ کا واقعہ بیان کر کے نبی کریم (ﷺ) کو نصیحت کی ہے کہ جس طرح موسیٰ (علیہ السلام) نے صبر و ضبط سے کام لیا، آپ بھی ہمت نہ ہاریئے اور لوگوں تک اللہ کا پیغام پہنچاتے رہئے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ہم نے موسیٰ کو معجزات دے کر فرعون اور فرعونیوں کے پاس بھیجا انہوں نے اس سے کہا کہ میں اس اللہ کا پیغامبر ہوں جو سارے جہان کا پالنے والا ہے، اس کے سوا کوئی بندگی کا حقدار نہیں ہے، نہ اس کے سوا کسی کو یہ حق پہنچتا ہے کہ وہ رب العالمین کے بندوں کو اپنا بندہ بنائے۔