الَّذِينَ يُنفِقُونَ فِي السَّرَّاءِ وَالضَّرَّاءِ وَالْكَاظِمِينَ الْغَيْظَ وَالْعَافِينَ عَنِ النَّاسِ ۗ وَاللَّهُ يُحِبُّ الْمُحْسِنِينَ
جو لوگ آسانی میں اور سختی کے موقع پر بھی اللہ کے راستے میں خرچ کرتے ہیں (١) غصہ پینے والے اور لوگوں سے درگزر کرنے والے (٢) اللہ نیکو کاروں سے محبت کرتا ہے۔
آیت 134 میں اہل جنت کی صفات بیان کی گئی ہے کہ وہ لوگ وسعت اور تنگی ہر حال میں اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں اور جب انہیں غصہ آتا ہے تو اسے پی جاتے ہیں، اور اس پر عمل نہیں کرتے، امام احمد نے جاریہ بن قدامہ السدی سے روایت کی ہے، انہوں نے رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) سے کہا کہ اے اللہ کے رسول ! مجھے کوئی نفع بخش بات بتائیے، لیکن لمبی بات نہ ہو تاکہ میں اسے یاد کرلوں، تو آپ نے فرمایا : غصہ مت کرو، صحابی نے بار بار اپنا سوال دہرایا، اور ہر بار آپ نے ان سے یہی کہا : غصہ مت کرو، اہل جنت کی صفات میں سے یہ بھی ہے کہ اگر کوئی ان کے ساتھ بد سلوکی کرتا ہے تو اسے معاف کردیتے ہیں، اور اپنے دل میں اس کے خلاف کوئی بغض و کینہ نہیں رکھتے۔ اللہ تعالیٰ نے سورۃ شوری آیت 37 میں فرمایا ہے: کہ جب انہیں غصہ آتا ہے تو لوگوں کو معاف کردیتے ہیں۔