سورة غافر - آیت 65

هُوَ الْحَيُّ لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ فَادْعُوهُ مُخْلِصِينَ لَهُ الدِّينَ ۗ الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

وہ زندہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں پس تم خالص اسی کی عبادت کرتے ہوئے اسے پکارو (١) تمام خوبیاں اللہ ہی کے لئے ہیں جو تمام جہانوں کا رب ہے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

جس اللہ نے یہ سب کچھ پیدا کیا ہے، وہی تمہارا رب ہے، اس کے سوا کوئی بھی صفت ربوبیت کا سزا وار نہیں ہے۔ وہ ہمیشہ سے زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گا۔ اس کے سوا ہر چیز فنا کے گھاٹ اتار دی جائے گی، اس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے، اس لئے لوگو ! صرف اسی کی عبادت کرو، طاعت و بندگی کو صرف اسی کے ساتھ خاص کر دو، عبادت میں اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ بناؤ۔ تمام تعریفیں اسی رب العالمین کے لئے ہیں جو تمام مخلوقات کا مالک ہے، ان بتوں کے لئے نہیں جن کے پاس کچھ بھی نہیں ہے اور نہ ہی کسی نفع یا نقصان کی قدرت رکھتے ہیں۔