سورة غافر - آیت 53

وَلَقَدْ آتَيْنَا مُوسَى الْهُدَىٰ وَأَوْرَثْنَا بَنِي إِسْرَائِيلَ الْكِتَابَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

ہم نے موسیٰ (علیہ السلام) کو ہدایت نامہ عطا فرمایا (١) اور بنو اسرائیل کو اس کتاب کا وارث بنایا (١)

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(28) موسیٰ (علیہ السلام) کا واقعہ بیان کر کے نبی کریم (ﷺ) کو ایک گونہ تسلی دی جا رہی ہے کہ موسیٰ نے بھی اپنی قوم کی طرف سے بڑی اذیت اٹھائی تھی بالاخر اللہ نے ان کے دین کو غالب کیا اور انہیں ان کے دشمنوں سے نجات دی، تو آپ بھی صبر کیجیے اور اپنے مشن کی تکمیل میں لگے رہئے اللہ کا وعدہ برحق ہے، وہ آپ کی ضرور مدد کرے گا اور آپ کا دین اور آپ غالب ہو کر رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ہم نے موسیٰ کو تورات و نبوت سے نوازا تھا، جیسا کہ سورۃ المائدہ آیت (44) میں آیا ہے : ﴿إِنَّا أَنْزَلْنَا التَّوْرَاةَ فِيهَا هُدًى وَنُورٌ﴾ ” بے شک ہم نے تورات نازل کی جس میں ہدایت اور نور ہے، نیز فرمایا کہ ہم نے بنی اسرائیل کو تورات کا وارث بنایا جو موسیٰ کے بعد بھی مدتوں ان کے پاس رہی، اور جو عقل سلیم رکھنے والوں کے لئے روشنی اور نصیحت فراہم کرتی رہی۔