سورة غافر - آیت 20
وَاللَّهُ يَقْضِي بِالْحَقِّ ۖ وَالَّذِينَ يَدْعُونَ مِن دُونِهِ لَا يَقْضُونَ بِشَيْءٍ ۗ إِنَّ اللَّهَ هُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ
ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی
اور اللہ تعالیٰ ٹھیک ٹھیک فیصلہ کر دے گا اس کے سوا جنہیں یہ لوگ پکارتے ہیں وہ کسی چیز کا بھی فیصلہ نہیں کرسکتے (١) بیشک اللہ تعالیٰ خوب سنتا خوب دیکھتا ہے۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
اللہ نے اپنے بارے میں یہ بھی خبر دی کہ اس کا فیصلہ نہایت عادلانہ ہوتا ہے، اس لئے کہ وہ اچھائی کا بدلہ اچھے انجام کے ذریعہ اور برائی کا بدلہ برے انجام کے ذریعہ دینے پر پوری قدرت رکھتا ہے، اس کے برخلاف وہ معبود ان باطل جنہیں مشرکین پکارتے ہیں کسی فیصلے کی قدرت نہیں رکھتے، اس لئے کہ وہ نہ سن سکتے ہیں اور نہ دیکھ سکتے ہیں اور اللہ تو ہر بات کو سننے والا اور ہر چیز کو دیکھنے والا ہے، اس لئے وہ بندوں کے درمیان عادلانہ فیصلے کی مکمل قدرت رکھتا ہے۔