سورة الزمر - آیت 73

وَسِيقَ الَّذِينَ اتَّقَوْا رَبَّهُمْ إِلَى الْجَنَّةِ زُمَرًا ۖ حَتَّىٰ إِذَا جَاءُوهَا وَفُتِحَتْ أَبْوَابُهَا وَقَالَ لَهُمْ خَزَنَتُهَا سَلَامٌ عَلَيْكُمْ طِبْتُمْ فَادْخُلُوهَا خَالِدِينَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اور جو لوگ اپنے رب سے ڈرتے تھے ان کے گروہ کے گروہ جنت کی طرف روانہ کئے جائیں گے یہاں تک کہ جب اس کے پاس آجائیں گے اور دروازے کھول دیئے جائیں گے اور وہاں کے نگہبان ان سے کہیں گے تم پر سلام ہو، تم خوش حال رہو تم اس میں ہمیشہ کیلیے چلے جاؤ۔ (١)

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(44) اور اللہ سے ڈرنے والوں کو ان کی خدمت پر متعین فرشتے نہایت تزک و احتشام کے ساتھ جنت کی طرف مخصوص سواریوں پر لے جائیں گے اور جب وہاں پہنچیں گے تو جنت کے دروازوں کو اپنے استقبال میں پہلے سے کھلا ہوا پائیں گے اور فرشتے انہیں سلام کریں گے اور کہیں گے کہ اب آپ لوگ تمام آفات و بلیات سے امن میں آگئے، آپ حضرات کی زندگی دنیا میں شرک و معاصی کی آلائشوں سے پاک تھی، اس لئے جنت میں ہمیشہ کے لئے داخل ہوجایئے۔