سورة الزمر - آیت 51
فَأَصَابَهُمْ سَيِّئَاتُ مَا كَسَبُوا ۚ وَالَّذِينَ ظَلَمُوا مِنْ هَٰؤُلَاءِ سَيُصِيبُهُمْ سَيِّئَاتُ مَا كَسَبُوا وَمَا هُم بِمُعْجِزِينَ
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
پھر ان کی تمام برائیاں ان پر آن پڑیں (١)، اور ان میں سے بھی جو گناہ گار ہیں ان کی کی ہوئی برائیاں بھی اب ان پر آپڑیں گی، یہ (ہمیں) ہرا دینے والے نہیں۔ (٢)
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
اس بات کی دلیل کہ کفر و شرک کے باوجود اللہ کی داد و دہش ان کے لئے بطور آزمائش تھی، یہ ہے کہ قارون اور دیگر نافرمانوں نے ان سے پہلے ایسی ہی بات کی، تو اللہ نے فوراً ہی انہیں پکڑ لیا، اور ان کی ساری دولت دھری کی دھری رہ گئی، یعنی ان کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ان کے برے اعمال کا نتیجہ تھا، اسی طرح کفار قریش کو بھی ان کے برے اعمال کا بدلہ مل کر رہے گا اور وہ اللہ کو عاجز نہیں بنا سکیں گے۔