سورة ص - آیت 8

أَأُنزِلَ عَلَيْهِ الذِّكْرُ مِن بَيْنِنَا ۚ بَلْ هُمْ فِي شَكٍّ مِّن ذِكْرِي ۖ بَل لَّمَّا يَذُوقُوا عَذَابِ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

کیا ہم سب میں سے اسی پر کلام الٰہی کیا گیا ہے؟ (١) دراصل یہ لوگ میری وحی کی طرف سے شک میں ہیں (٢) بلکہ (صحیح یہ ہے کہ) انہوں نے اب تک میرا عذاب چکھا ہی نہیں۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

اور یہ بات اس لئے بھی قابل حیرت ہے کہ ہمارے درمیان اس سے زیادہ مالدار اور صاحب حیثیت لوگ موجود ہیں، تو اس کے بجائے کسی اور کو نبوت کیوں نہیں دی گئی ہے؟! مفسرین لکھتے ہیں کہ ان کی اس بات سے ان کے سینوں میں رسول اللہ (ﷺ) کے خلاف پوشیدہ بغض و حسد کی غمازی ہوتی تھی ان کے دلوں میں آگ لگی تھی کہ اللہ نے ان کے بجائے محمد کو ہی شرف نبوت سے کیوں نواز دیا۔ آیت (8) کے دوسرے حصہ میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ کفار قریش کو میرے قرآن کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ میری طرف سے نازل کردہ کتاب ہے یا نہیں اور ان کا یہ شک اس لئے زائل نہیں ہو رہا ہے کہ انکار قرآن پر انہیں اب تک سزا نہیں ملی ہے، اگر اس کی وجہ سے ان پر عذاب آگیا ہوتا تو سارا شک و حسد از خود دور ہوگیا ہوتا۔