سورة الصافات - آیت 139

وَإِنَّ يُونُسَ لَمِنَ الْمُرْسَلِينَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اور بلاشبہ یونس (علیہ السلام) نبیوں میں سے تھے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(32) ساتواں واقعہ یونس (علیہ السلام) کا ہے، اللہ تعالیٰ نے انہیں عراق کے شہر نینویٰ والوں کے لئے نبی بنا کر بھیجا تھا، اس زمانے میں نینویٰ آشوریوں کا ایک عظیم شہر تھا، جہاں ایک لاکھ سے زیادہ بنی اسرائیل کے لوگ رہتے تھے، جنہیں آشوری قید کر کے لے گئے تھے، اللہ تعالیٰ نے انہی کی ہدایت کے لئے یونس (علیہ السلام) کو نبی بنا کر فلسطین سے نینویٰ بھیجا تھا۔ یونس (علیہ السلام) نے انہیں ایمان کی دعوت دی، لیکن انہوں نے قبول نہیں کیا، تو یونس (علیہ السلام) نے انہیں عذاب کی دھمکی دی اور جب عذاب آنے میں تاخیر ہوئی تو یونس (علیہ السلام) ناراض اور تنگ دل ہو کر شہر سے نکل کر سمندر کی طرف چل پڑے ۔