سورة يس - آیت 22
وَمَا لِيَ لَا أَعْبُدُ الَّذِي فَطَرَنِي وَإِلَيْهِ تُرْجَعُونَ
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
اور مجھے کیا ہوگیا ہے کہ میں اس کی عبادت نہ کروں جس نے مجھے پیدا کیا اور تم سب اسی کی طرف لوٹائے جاؤ گے (١)
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
13 -پھر اس مرد مومن نے دعوت کے لئے غایت درجہ کا حکیمانہ اسلوب اختیار کرتے ہوئے جو بات لوگوں سے کہنی تھی، اس کا مخاطب اپنے آپ کو بتاتے ہوئے کہا کہ آخر کیا وجہ ہے کہ اس ذات برحق کی عبادت نہ کروں جس نے مجھے پیدا کیا ہے، یعنی کیا وجہ ہے کہ تم لوگ اس اللہ کی وحدانیت کے قائل نہیں ہوتے ہو جو تمہارا خالق ہے، اور مرنے کے بعد جس کے پاس تمہیں لوٹ کر جانا ہے ۔