أَوَلَمْ يَهْدِ لَهُمْ كَمْ أَهْلَكْنَا مِن قَبْلِهِم مِّنَ الْقُرُونِ يَمْشُونَ فِي مَسَاكِنِهِمْ ۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَاتٍ ۖ أَفَلَا يَسْمَعُونَ
کیا اس بات نے بھی انھیں کوئی ہدایت نہیں دی کہ ہم نے پہلے بہت سی امتوں کو ہلاک کردیا جن کے مکانوں میں یہ چل پھر رہے ہیں (١) اس میں تو بڑی بڑی نشانیاں ہیں، کیا پھر بھی یہ نہیں سنتے؟
(19) کفار مکہ کو دعوت فکر و نظر دی جا رہی ہے کہ ہم ان سے پہلے بہت سی کافرو مشرک قوموں کو ہلاک کرچکے ہیں اور یہ لوگ شام کا سفر کرتے ہوئے مدائن صالح، علاقہ مدین اور بحیرہ لوط کے قریب سے گذرتے ہیں اور ان کے باقی ماندہ آثار کا اپنی آنکھوں سے نظارہ کرتے ہیں تو ان نشانیوں پر نگاہ عبرت کیوں نہیں ڈالتے اور وہ کھنڈرات انہیں ان قوموں کی بربادی کے جو واقعات سناتے ہیں ان پر کان کیوں نہیں دھرتے، تاکہ عبرت حاصل کریں اور کفر و شرک سے تائب ہو کر قرآن کریم اور رسول اللہ (ﷺ) پر ایمان لے آئیں۔