سورة لقمان - آیت 17

يَا بُنَيَّ أَقِمِ الصَّلَاةَ وَأْمُرْ بِالْمَعْرُوفِ وَانْهَ عَنِ الْمُنكَرِ وَاصْبِرْ عَلَىٰ مَا أَصَابَكَ ۖ إِنَّ ذَٰلِكَ مِنْ عَزْمِ الْأُمُورِ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اے میرے پیارے بیٹے! تو نماز قائم رکھنا اچھے کاموں کی نصیحت کرتے رہنا، برے کاموں سے منع کیا کرنا اور جو مصیبت تم پر آئے صبر کرنا (١) (یقین مان) کہ یہ بڑے تاکیدی کاموں میں سے ہے (٢)

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(10) لقمان نے کہا، میرے بیٹے ! نماز قائم کرو یعنی اس کے تمام شروط ارکان اور واجبات و سنن کی رعایت کرتے ہوئے اسے ادا کرو، اور لوگوں کو اللہ کی بندگی اور بھلائی کا حکم دو اور انہیں شرک و بدعت برے قول و عمل اور ہر برائی سے روکو اور اس راہ میں تمہیں جو تکلیف پہنچے اس پر صبر کرو یہ سارے امور اللہ کی جانب سے حتمی اور واجب العمل ہیں۔ شو کانی لکھتے ہیں کہ آیت میں مذکور اعمال کو بطور خاص اس لئے بیان کیا گیا ہے کہ یہ تمام بھلائیوں کی اساس ہیں ابن جریر لکھتے ہیں :﴿ إِنَّ ذَلِكَ مِنْ عَزْمِ الْأُمُورِ﴾ کا مفہوم یہ بھی ہوسکتا ہے کہ مذکورہ بالا امور اعلیٰ ترین اخلاق اور حصول نجات کے لئے اہم ترین اعمال ہیں، قرطبی نے اس تفسیر کی تائید کی ہے۔