سورة الروم - آیت 23

وَمِنْ آيَاتِهِ مَنَامُكُم بِاللَّيْلِ وَالنَّهَارِ وَابْتِغَاؤُكُم مِّن فَضْلِهِ ۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَاتٍ لِّقَوْمٍ يَسْمَعُونَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور (بھی) اس کی (قدرت کی) نشانی تمہاری راتوں اور دن کی نیند میں ہے اور اس کے فضل (یعنی روزی) کو تمہارا تلاش کرنا بھی (١) ہے جو لوگ (کان لگا کر) سننے کے عادی ہیں ان کے لئے اس میں بہت سی نشانیاں ہیں۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(13) اللہ تعالیٰ کے بعث بعد الموت پر قادر ہونے کی یہ بھی دلیل ہے کہ لوگ رات میں یا دن کے وقت آرام کرنے کے لئے سو جاتے ہیں اور پھر اٹھ بیٹھتے ہیں تاکہ حصول رزق کے لئے کوشش کریں، آدمی کا سو جانا موت کی ہی ایک قسم ہے اور پھر اللہ کی قدرت و مشیت سے جاگ جانا موت کے بعد زندہ ہونے کے مترادف ہے یقیناً اس میں غور و فکر کرنیوالوں اور حق کی آواز پر کان دھرنے والوں کے لئے کئی نشانیاں ہیں جو انہیں آخرت اور جزا و سزا پر ایمان لانے کی دعوت دیتی ہیں۔