سورة آل عمران - آیت 51
إِنَّ اللَّهَ رَبِّي وَرَبُّكُمْ فَاعْبُدُوهُ ۗ هَٰذَا صِرَاطٌ مُّسْتَقِيمٌ
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
یقین مانو میرا اور تمہارا رب اللہ ہی ہے تم سب اسی کی عبادت کرو، یہی سیدھی راہ ہے۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
44۔ تمام انبیاء کرام کی دعوت بنیاد توحید باری تعالیٰ رہی ہے، عیسیٰ (علیہ السلام) نے بھی بنی اسرائیل کے سامنے یہی دعوت پیش کی، اور کہا کہ میرا اور تمہارا رب اللہ ہے، اس لیے صرف اسی کی عبادت کرو۔ کچھ لوگوں نے عیسیٰ (علیہ السلام) کی دعوت کو قبول کیا اور ان کے پیرو کار بن گئے، اور کچھ نے ان کا انکار کردیا اور ان کی تکذیب کی، اور یہودیوں نے ان کی ماں مریم علیہا السلام کو زنا کے ساتھ متہم کیا۔