سورة القصص - آیت 81

فَخَسَفْنَا بِهِ وَبِدَارِهِ الْأَرْضَ فَمَا كَانَ لَهُ مِن فِئَةٍ يَنصُرُونَهُ مِن دُونِ اللَّهِ وَمَا كَانَ مِنَ الْمُنتَصِرِينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

(آخرکار) ہم نے اس کے محل سمیت زمین میں دھنسا دیا (١) اور اللہ کے سوا کوئی جماعت اس کی مدد کے لئے تیار نہ ہوئی نہ وہ خود اپنے بچانے والوں میں سے ہوسکا۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(43) اللہ تعالیٰ نے قارون کو اس کے کفر اور کبر غرور کی وجہ سے اس کے گھر بار کے ساتھ زمین میں دھنسا دیا اس وقت اللہ کے مقابلے میں کوئی گروہ اس کی مدد کے لیے نہیں آیا اور نہ وہ خود اپنی مدد آپ کرسکا امام بخاری نے سالم سے اور انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی ہے نبی کریم (ﷺ)نے فرمایا ایک آدمی کبر کی وجہ سے اپنی چادر زمین پر گھسیٹ رہا تھا تو اللہ تعالیٰ نے اسے زمین میں دھنسا دیا وہ قیامت تک زمین میں دھنستا چلاجائے گا۔