سورة القصص - آیت 53

وَإِذَا يُتْلَىٰ عَلَيْهِمْ قَالُوا آمَنَّا بِهِ إِنَّهُ الْحَقُّ مِن رَّبِّنَا إِنَّا كُنَّا مِن قَبْلِهِ مُسْلِمِينَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اور جب اس کی آیتیں ان کے پاس پڑھی جاتی ہیں تو وہ کہہ دیتے ہیں کہ اس کے ہمارے رب کی طرف سے حق ہونے پر ہمارا ایمان ہے ہم تو اس سے پہلے ہی مسلمان ہیں۔ (١)

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

اور جب ان کے سامنے اس کی تلاوت کی جاتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ ہم تصدیق کرتے ہیں کہ یہ اللہ کی کتاب ہے اور ہم اس کے نازل ہونے کے قبل سے موحد تھے اور اخلاص کے ساتھ اللہ کی عبادت کرتے تھے۔ ایک دوسرا مفہوم یہ بیان کیا گیا ہے کہ ہم تو نزول قرآن کے قبل سے محمد اور ان پر نازل ہونے والی کتاب اور دین اسلام پر ایمان رکھتے تھے کیونکہ ان کا ذکر تورات وانجیل میں موجود ہے اور ان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ آخری نبی ہوں گے اور ان پر اللہ اپنا قرآن نازل کرے گا۔