سورة النمل - آیت 12

وَأَدْخِلْ يَدَكَ فِي جَيْبِكَ تَخْرُجْ بَيْضَاءَ مِنْ غَيْرِ سُوءٍ ۖ فِي تِسْعِ آيَاتٍ إِلَىٰ فِرْعَوْنَ وَقَوْمِهِ ۚ إِنَّهُمْ كَانُوا قَوْمًا فَاسِقِينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور اپنا ہاتھ اپنے گریبان میں ڈال، وہ سفید چمکیلا ہو کر نکلے گا بغیر کسی عیب کے (١) تو نو نشانیاں لے کر فرعون اور اس کی قوم کی طرف جا (٢) یقیناً وہ بدکاروں کا گروہ ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

6۔ اللہ تعالیٰ نے موسیٰ (علیہ السلام) کو دوسرا معجزہ عطا کرنے کے لیے کہا کہ آپ اپنا ہاتھ اپنی قمیص کے گریبان میں ڈالئے، وہ بغیر کسی بیماری کے چاند کے مانند چمکتا ہوا نکلے گا، موسیٰ (علیہ السلام) نے ایسا ہی کیا، اور ان کا ہاتھ بغیر کسی بیماری کے نہایت ہی چمکدار بن کر آنکھوں کو چکا چوند کرنے لگا۔ آگے اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ آپ کی صداقت کو ثابت کرنے اور فرعون کو راہ راست پر لانے کے لیے ہم آپ کو نو معجزات دیں گے۔ سورۃ بنی اسرائیل آیت 101 میں بھی اللہ تعالیٰ نے صراحت کردی ہے کہ ہم نے موسیٰ کو نو نشانیاں دی تھیں اور وہاں میں نے ان کی تفصیل بیان کردی ہے۔