سورة الفرقان - آیت 55

وَيَعْبُدُونَ مِن دُونِ اللَّهِ مَا لَا يَنفَعُهُمْ وَلَا يَضُرُّهُمْ ۗ وَكَانَ الْكَافِرُ عَلَىٰ رَبِّهِ ظَهِيرًا

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

یہ اللہ کو چھوڑ کر ان کی عبادت کرتے ہیں جو نہ تو انھیں کوئی نفع دے سکیں نہ کوئی نقصان پہنچا سکیں، اور کافر تو ہے ہی اپنے رب کے خلاف (شیطان کی) مدد کرنے والا۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

25۔ مذکورہ بالا دلائل توحید ربوبیت کا تقاضا تھا کہ مشرکینِ مکہ صرف ایک اللہ کی عبادت کرتے، لیکن وہ ان بتوں کی پوجا کرتے ہیں جو ان کی عبادت کے بدلے میں نہ انہیں فائدہ پہنچا سکتے ہیں، اور اگر وہ ان کی عبادت نہ کریں تو نہ انہیں نقصان پہنچا سکتے ہیں اور وہ ان بتوں کی نہیں بلکہ درحقیقت شیطان کی عبات کرتے ہیں جو انہیں بتوں کی عبادت پر ورغلاتا ہے تو گویا کافر اپنے رب کے خلاف شیطان کی مدد کرتا ہے، یعنی اسے مزید اللہ کی نافرمانی پر اکساتا ہے اور اس کی ہمت بڑھاتا ہے