سورة الفرقان - آیت 0
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
شروع اللہ کے نام سے جو بیحد مہربان نہایت رحم والا ہے (سورۃ الفرقان۔ سورۃ نمبر ٢٥۔ تعداد آیات ٧٧)
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
سورۃ الفرقان مکی ہے، اس میں ستتر آیتیں اور چھ رکوع ہیں۔ نام : اس سورت میں فرقان کا لفظ تین بار آیا ہے جو قرآن کریم کی اہم ترین صفت ہے، اسی لیے اس کا یہی نام رکھ دیا گیا ہے۔ زمانہ نزول : جمہور اہل علم کے نزدیک یہ سورت مکی دور میں نازل ہوئی تھی۔ قرطبی نے قتادہ اور ابن عباس کے حوالے سے آیات (68) سے (70) تک کو مدنی بتایا ہے۔ مکی دور کی سورتوں کی طرح اس میں بھی قرآن کریم، رسول اکرم کی نبوت اور دین اسلام کی صداقت سے متعلق کفار مکہ کے شبہات کی تردید کی گئی ہے اور انہیں ایمان و اسلام کی دعوت دی گئی ہے۔