سورة الحج - آیت 71

وَيَعْبُدُونَ مِن دُونِ اللَّهِ مَا لَمْ يُنَزِّلْ بِهِ سُلْطَانًا وَمَا لَيْسَ لَهُم بِهِ عِلْمٌ ۗ وَمَا لِلظَّالِمِينَ مِن نَّصِيرٍ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور یہ اللہ کے سوا ان کی عبادت کر رہے ہیں جس کی کوئی خدائی دلیل نازل نہیں ہوئی نہ وہ خود ہی اس کا کوئی علم رکھتے ہیں (١)۔ ظالموں کا کوئی مددگار نہیں۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(35) دین حق کی مخالفت کرنے والے کفار و مشرکین کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ لوگ اللہ کے سوا ان بتوں اور دیویوں کی پوجا کرتے ہیں، جن کے لائق عبادت ہونے کی اللہ نے کوئی دلیل نہیں اتاری ہے، اور نہ ہی ان کے پاس اس کی کوئی عقلی دلیل ہے، عنقریب قیامت کے دن اس افترا پردازی پر ان کا حساب ہوگا اور اس کا انہیں بدلہ دیا جائے گا اور اس وقت اللہ کے مقابلے میں اپنے لیے کوئی یارومددگار نہیں پائیں گے۔