سورة الحج - آیت 70

أَلَمْ تَعْلَمْ أَنَّ اللَّهَ يَعْلَمُ مَا فِي السَّمَاءِ وَالْأَرْضِ ۗ إِنَّ ذَٰلِكَ فِي كِتَابٍ ۚ إِنَّ ذَٰلِكَ عَلَى اللَّهِ يَسِيرٌ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

کیا آپ نے نہیں جانا کہ آسمان و زمین کی ہر چیز اللہ کے علم میں ہے۔ یہ سب لکھی ہوئی کتاب میں محفوظ ہے۔ اللہ تعالیٰ پر تو یہ امر بالکل آسان ہے (١)۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

آیت (70) میں نبی کریم (ﷺ)کو خطاب کر کے فرمایا کہ جن باتوں میں آج کفار اختلاف کر رہے ہیں انہیں وہ کیوں نہیں جانے گا وہ تو وہ ہے جو آسمانوں اور زمین کی ہر چیز کو جانتا ہے دونوں کے درمیان پائے جانے والا ایک ذرہ بھی اس سے مخفی نہیں ہے، وہ تو تمام کائنات کی خبر اس وقت سے رکھتا ہے جب اس نے ابھی ان کو پیدا بھی نہیں کیا تھا، تمام چیزیں لوح محفوظ میں پہلے سے لکھی ہوئی ہیں، ان تمام کی خبر گیری کرنی اور سب کو اپنے احاطہ علم میں رکھنا اس ذات برحق کے لیے بڑا ہی آسان ہے۔