سورة الأنبياء - آیت 39

لَوْ يَعْلَمُ الَّذِينَ كَفَرُوا حِينَ لَا يَكُفُّونَ عَن وُجُوهِهِمُ النَّارَ وَلَا عَن ظُهُورِهِمْ وَلَا هُمْ يُنصَرُونَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

کاش! یہ کافر جانتے کہ اس وقت نہ تو یہ کافر آگ کو اپنے چہروں سے ہٹا سکیں گے اور نہ اپنی پیٹھوں سے اور نہ ان کی مدد کی جائے گی (١)

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

آیت (٣٩) کا تعلق گزشتہ مضمون سے ہی ہے کہ اگر اہل کفر کو روز قیامت کا یقین ہوجاتا جب وہ جہنم کی آگ سے اپنے چہروں اور اپنی پیٹھوں کو نہیں بچا سکیں گے اور نہ ہی کوئی ان کی مدد کرسکے گا، تو عذاب آجانے کی جلدی نہ مچاتے، جہنم کی ہیبت ناکیاں قرآن کریم کی بہت ساری آیتوں میں بیان کی گئی ہیں، سورۃ الزمر آیت (١٦) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ﴿ لَهُمْ مِنْ فَوْقِهِمْ ظُلَلٌ مِنَ النَّارِ وَمِنْ تَحْتِهِمْ ظُلَلٌ﴾ انہیں نیچے اوپر سے آگ کے شعلے مثل سائبان کے ڈھانک رہے ہوں گے۔ اور سورۃ الاعراف آیت (٤١) میں فرمایا ہے : ﴿ لَهُمْ مِنْ جَهَنَّمَ مِهَادٌ وَمِنْ فَوْقِهِمْ غَوَاشٍ﴾ ان کے لیے آتش دوزخ کا بچھونا ہوگا اور ان کے اوپر اس کا اوڑھنا ہوگا، اللہ تعالیٰ ہم سب پر جہنم کی آگ کو حرام کردے۔