سورة طه - آیت 123

قَالَ اهْبِطَا مِنْهَا جَمِيعًا ۖ بَعْضُكُمْ لِبَعْضٍ عَدُوٌّ ۖ فَإِمَّا يَأْتِيَنَّكُم مِّنِّي هُدًى فَمَنِ اتَّبَعَ هُدَايَ فَلَا يَضِلُّ وَلَا يَشْقَىٰ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

فرمایا، تم دونوں یہاں سے اتر جاؤ تم آپس میں ایک دوسرے کے دشمن ہو، اب تمہارے پاس جب کبھی میری طرف سے ہدایت پہنچے تو میری ہدایت کی پیروی کرے نہ تو وہ بہکے گا نہ تکلیف میں پڑے گا۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

٥٤۔ بعض مفسرین کا خیال ہے کہ’’ اھبطا‘‘ سے مراد ابلیس و آدم ہیں اور حوا اپنے شوہر آدم کے تابع ہے، اور بعض دوسروں کا خیال ہے کہ اس سے مراد آدم و حوا ہیں، اس لیے کہ باقی انسان انہی دونوں سے وجود میں آئے ہیں، اس کے بعد جمع کے صیغہ سے وہ دونوں اور ان کی اولاد سبھی مراد ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آدم و حوا اور ابلیس سے کہا کہ تم لوگ جنت سے نکل کر زمین پر چلے جاؤ، جہاں تم لوگ ایک دوسرے کے دشمن ہوگے، ابلیس انسانوں کا دشمن ہوگا اور انسان آپس میں ایک دوسرے کے دشمن ہوں گے، وہاں جب تمہارے پاس میرا کوئی رسول آئے اور میرا پیغام پہنچائے تو جو شخص میرے بھیجے گئے دین کی پیروی کرے گا نہ وہ دنیا میں گمراہ اور نہ آخرت میں بدبخت ہوگا۔