سورة طه - آیت 73

إِنَّا آمَنَّا بِرَبِّنَا لِيَغْفِرَ لَنَا خَطَايَانَا وَمَا أَكْرَهْتَنَا عَلَيْهِ مِنَ السِّحْرِ ۗ وَاللَّهُ خَيْرٌ وَأَبْقَىٰ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

ہم (اس امید سے) اپنے پروردگار پر ایمان لائے کہ وہ ہماری خطائیں معاف فرما دے اور (خاص کر) جادوگری (کا گناہ) جس پر تم نے ہمیں مجبور کیا ہے (١) اللہ ہی بہتر اور ہمیشہ باقی رہنے والا ہے (٢)۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(٢٧) جادوگر مسلمانوں نے فرط جوش ایمانی میں بلا خوف و خطر کہا کہ ہم اپنے رب پر ایمان لے آئے ہیں تاکہ وہ ہمارے سابقہ گناہوں کو معاف کردے، اور موسیٰ و ہارون کا مقابلہ کرنے کے لیے جس جادوگری پر تم نے ہمیں مجبور کیا تھا اسے بھی معاف کردے اور ایمان و عمل صالح والوں کے لیے اللہ کا ثواب بہتر ہوتا ہے، اور نافرمانوں کے لیے اس کے عذاب کی مدت لمبی ہوتی ہے۔