سورة طه - آیت 7

وَإِن تَجْهَرْ بِالْقَوْلِ فَإِنَّهُ يَعْلَمُ السِّرَّ وَأَخْفَى

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اگر تو اونچی بات کہے تو وہ تو ہر ایک پوشیدہ، بلکہ پوشیدہ سے پوشیدہ تر بات کو بھی بخوبی جانتا ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(4) یعنی اگر آپ بآواز بلند اللہ کو یاد کرتے ہیں اور دعا و مناجات کرتے ہیں، تو جان لیجیے کہ اللہ اس سے بے نیاز ہے، کیونکہ وہ تو چھپے ہوئے رازوں کو جانتا ہے، بلکہ رازہائے سربستہ سے بھی زیادہ مخفی باتوں کو جانتا ہے جنہیں ابن آدم نہیں جانتا ہے جن کا علم صرف علام الغیوب کو ہوتا ہے۔ شوکانی کہتے ہیں کہ اس میں اونچی آواز سے ذکر الہی کی ممانعت پائی جاتی ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے سورۃ الاعراف آیت (205) میں فرمایا ہے : ﴿ وَاذْكُرْ رَبَّكَ فِي نَفْسِكَ تَضَرُّعًا وَخِيفَةً﴾آپ اپنے رب کو اپنے دل میں عاجزی اور خوف کے ساتھ یاد کیجیے، اور صاحب فتح البیان لکھتے ہیں کہ اس آیت میں گویا اس پر تنبیہ کی گئی ہے کہ بلند آواز سے ذکر اکہی اور دعا اللہ تعالیٰ کو سنانے کے لیے نہیں ہونی چاہیے، بلکہ مقصود ذکر الہی کو دل میں راسخ کرنا، وسوسوں کو دور کر کے ذہن میں یکسوئی پیدا کرنا ہو، اور غایت درجہ کا اظہار عجز و تواضع ہو۔