سورة الكهف - آیت 23

وَلَا تَقُولَنَّ لِشَيْءٍ إِنِّي فَاعِلٌ ذَٰلِكَ غَدًا

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور ہرگز ہرگز کسی کام پر یوں نہ کہنا میں اسے کل کروں گا۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

اور آئندہ اگر کوئی کام کرنا چاہیں تو ان شاء اللہ کہے بغیر نہ کہیں کہ میں یہ کام کروں گا۔ آیت کے اس حصہ کا پس منظر یہ ہے کہ جب قریش والوں نے یہود کے اشارے پر آپ سے تین سوالات کیے، تو آپ نے وحی کی امید میں ان سے کہا کہ میں کل تمہارے سوالات کا جواب دوں گا، اور ان شاء اللہ نہیں کہا، اس کے بعد پندرہ دن تک وحی نہیں آئی، پھر یہ آیت نازل ہوئی جس میں آپ کو اپنےرب کے ساتھ حق ادب سکھایا گیا کہ آئندہ جب بھی کسی کام کا ارادہ کریں تو کہیں کہ اگر اللہ نے چاہا تو میں یہ کام کروں گا۔ نیز آپ سے یہ بھی کہا گیا کہ جب آپ کبھی ان شاء اللہ کہنا بھول جائیں تو یاد آجانے پر کہہ لیا کریں۔