سورة الإسراء - آیت 70

وَلَقَدْ كَرَّمْنَا بَنِي آدَمَ وَحَمَلْنَاهُمْ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ وَرَزَقْنَاهُم مِّنَ الطَّيِّبَاتِ وَفَضَّلْنَاهُمْ عَلَىٰ كَثِيرٍ مِّمَّنْ خَلَقْنَا تَفْضِيلًا

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

یقیناً ہم نے اولاد آدم کو بڑی عزت دی (١) اور انھیں خشکی اور تری کی سواریاں (٢) دیں اور انھیں پاکیزہ چیزوں کی روزیاں (٣) دیں اور اپنی بہت سی مخلوق پر انھیں فضیلت عطا فرمائی (٤)۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

آیت (70) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا حقیقت یہ ہے کہ ہم نے آدم کی اولاد کو قوت گویائی،، عقل و ہوش، علم و معرفت، اچھی شکل و صورت اور زمین پر پائی جانے والی تمام اشیا ءسے استفادہ کرنے کی قوت دے کر، انہیں بڑی عزت دی ہے، ہم نے ان کے لیے خشکی اور پانی میں سفر کرنے کے تمام ذرائع آسان کردیئے ہیں، اور انواع و اقسام کی روزی دی ہے اور انہیں جنوں اور تمام جانوروں پر فضیلت دی ہے اور ان کے خاص افراد کو فرشتوں تک پر فضیلت دی ہے۔ لیکن آدمی جب کفر کی راہ اختیار کرتا ہے عبادت میں اللہ کے ساتھ غیروں کو شریک کرتا ہے اور اسے چھوڑ کر دوسروں سے محبت کرنے لگتا ہے تو وہ اللہ کی بدترین مخلوق بن جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے سورۃ البینہ آیت (6) میں فرمایا ہے :İإِنَّ الَّذِينَ كَفَرُوا مِنْ أَهْلِ الْكِتَابِ وَالْمُشْرِكِينَ فِي نَارِ جَهَنَّمَ خَالِدِينَ فِيهَا أُولَئِكَ هُمْ شَرُّ الْبَرِيَّةِĬ بیشک جو لوگ اہل کتاب میں سے کافر ہوئے اور مشرکین دوزخ کی آگ میں جائیں گے جہاں وہ ہمیشہ رہیں گے یہی لوگ (اللہ کی) بدترین مخلوق ہیں۔