سورة النحل - آیت 18
وَإِن تَعُدُّوا نِعْمَةَ اللَّهِ لَا تُحْصُوهَا ۗ إِنَّ اللَّهَ لَغَفُورٌ رَّحِيمٌ
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
اور اگر تم اللہ کی نعمتوں کا شمار کرنا چاہو تو تم اسے نہیں کرسکتے۔ بیشک اللہ بڑا بخشنے والا مہربان ہے
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(11) بحر و بر کی گوناگوں نعمتوں کا ذکر کرنے کے بعد اللہ تعالیٰ نے کہا کہ اس کی نعمتیں بے شمار ہیں اور اس کے احسانات ان گنت ہیں، آدمی انہیں پوری زندگی گنتا رہے تو نہیں گن سکتا، اور جب انہیں گن نہیں سکتا تو ان کا شکر کیسے ادا کرسکتا ہے، اسی لیے اللہ تعالیٰ نے آیت کے آخر میں فرمایا ہے کہ وہ بڑا معاف کرنے والا ہے، اگر بندے سے ادائے شکر میں تقصیر ہوتی ہے تو اپنی بخشش و کرم فرمائی کو روک نہیں دیتا، بلکہ معاف کردیتا ہے اور توبہ کی مہلت دیتا ہے۔