وَقَالَ يَا بَنِيَّ لَا تَدْخُلُوا مِن بَابٍ وَاحِدٍ وَادْخُلُوا مِنْ أَبْوَابٍ مُّتَفَرِّقَةٍ ۖ وَمَا أُغْنِي عَنكُم مِّنَ اللَّهِ مِن شَيْءٍ ۖ إِنِ الْحُكْمُ إِلَّا لِلَّهِ ۖ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ ۖ وَعَلَيْهِ فَلْيَتَوَكَّلِ الْمُتَوَكِّلُونَ
اور (یعقوب علیہ السلام) نے کہا اے میرے بچو! تم سب ایک دروازے سے نہ جانا بلکہ کئی جدا جدا دروازوں میں سے داخل ہونا (١) میں اللہ کی طرف سے آنے والی کسی چیز کو تم سے ٹال نہیں سکتا حکم صرف اللہ ہی کا چلتا ہے (٢) میرا کامل بھروسہ اسی پر ہے اور ہر ایک بھروسہ کرنے والے کو اسی پر بھروسہ کرنا چاہیئے۔
(59) یعقوب (علیہ السلام) کے سبھی بیٹے صحت مند اور خوبصورت تھے اور اچھا لباس بھی زیب تن کرتے تھے، اس لیے انہیں ڈر ہوا کہ اگر سبھی ایک ہی دروازے سے داخل ہوں گے تو کہیں کسی کی نظر بد نہ لگ جائے، اسی لیے انہیں نصیحت کی کہ سب ایک دروازے سے شہر میں داخل نہ ہوں، بلکہ مختلف دروازوں سے داخل ہوں، کہتے ہیں کہ اس وقت مصر کے چار دروازے تھے، لیکن اس کے بعد ہی فورا یہ کہا کہ میں اپنے اس تدبیر کے ذریعہ اللہ کی قضا و قدر کو نہیں ٹال سکتا ہوں، اس لیے کہ احتیاط تقدیر کی راہ میں حائل نہیں ہوسکتی ہے۔ مفسر ابو السعود لکھتے ہیں کہ یعقوب (علیہ السلام) کا مقصد یہ نہیں تھا کہ احتیاط بے کار چیز ہے، اللہ تعالیٰ نے خود قرآن میں فرمایا ہے : اپنے آپ کو ہلاکت میں نہ ڈالو۔ (البقرہ:195) نیز فرمایا ہے : احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دو۔ (النساء : 102) ان کا مقصد یہ بتانا تھا کہ احتیاط ہی مقصود اصلی نہیں ہے، بلکہ محض تدبیر ہے جسے مفید بنانا اللہ کا کام ہے، اور تدبیر تقدیر کو نہیں ٹال سکتی ہے، وہ اللہ سے مدد حاصل کرنے کا ایک ذریعہ ہے اور اس سے بھاگ کر اسی کی جناب میں پناہ لینے والی بات ہے، اس کے بعد انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے اللہ کے اختیار میں ہیں، ان میں کسی اور کا دخل نہیں ہے، اس لیے میں نے اسی پر بھروسہ کیا ہے اور تمام لوگوں کو صرف اسی پر بھروسہ کرنا چاہیے۔ ابن عباس، مجاہد، قتادہ اور جمہور مفسرین کی رائے یہی ہے کہ یعقوب (علیہ السلام) نے اپنے بیٹوں کو مختلف دروازوں سے جانے کی نصیحت اس لیے کی تھی تاکہ انہیں کسی کی نظر نہ لگ جائے، جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا ہے، لیکن معتزلہ نے بغیر کسی حجت و دلیل کے نظر لگنے کا انکار کیا ہے۔ صحیح احادیث سے ثابت ہے کہ نظر حق ہے رسول اللہ (ﷺ) اور بعض صحابہ کو نظر لگی تھی، بخاری و مسلم نے ابو ہریرہ سے روایت کی ہے کہ نظر لگنا حق ہے۔ اور حافظ ابن القیم نے اپنی کتاب زاد المعاد میں اس موضوع پر تفصیل کے ساتھ لکھا ہے، اور صحیحین اور دوسری کتابوں سے اس کے ثبوت میں صحیح احادیث نقل کرنے کے بعد لکھا ہے کہ عربوں کے نزدیک یہ بات قدیم زمانے سے ثابت ہے کہ نظر لگ جاتی ہے، اسی لیے قرآن و سنت کو دین کا مرجع ماننے والوں کا اجماع ہے کہ بعض انسانوں کی نظر دوسرے انسانوں بلکہ جانوروں تک کو لگ جاتی ہے اور کتنے لوگ نظر لگنے سے ہلاک ہوجاتے ہیں، ایسے لوگوں کے بارے میں علماء نے لکھا ہے کہ اللہ کی مخلوق کو ان کی نظر کے شر سے بچانے کے لیے انہیں یا تو حبس دوام دے دیا جائے گا یا شہر بدر کردیا جائے گا۔