سورة ھود - آیت 105
يَوْمَ يَأْتِ لَا تَكَلَّمُ نَفْسٌ إِلَّا بِإِذْنِهِ ۚ فَمِنْهُمْ شَقِيٌّ وَسَعِيدٌ
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
جس دن وہ آجائے گی مجال نہ ہوگی کہ اللہ کی اجازت کے بغیر کوئی بات بھی کر (١) لے، سو ان میں کوئی بدبخت ہوگا اور کوئی نیک بخت۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(87) قیامت کے دن کوئی شخص بھی اللہ کی اجازت کے بغیر ایک کلمہ نہ اپنے دفاع کے لیے اپنی زبان سے نکالے گا اور نہ ہی کسی کی سفارش میں بولے گا، لیکن سورۃ النحل آیت (111) میں آیا ہے کہ ہر آدمی اس دن اپنی نجات کے لیے جھگڑا کرے گا۔ اور سورۃ الانعام آیت (23) میں آیا ہے کہ مشرکین کہیں گے : کہ اے ہمارے رب ! ہم لوگ مشرک نہیں تھے۔ اس لیے علمائے تفسیر نے ان دونوں قسم کی آیتوں کے درمیان اس طرح تطبیق دی ہے کہ میدان محشر میں لوگوں کے حالات مختلف ہوں گے، کبھی تو کسی کی زبان گنگ ہوگی، اور کبھی کوئی اپنی نجات کے لیے جھگڑ رہا ہوگا۔ وعلی ہذا القیاس۔