سورة یونس - آیت 84

وَقَالَ مُوسَىٰ يَا قَوْمِ إِن كُنتُمْ آمَنتُم بِاللَّهِ فَعَلَيْهِ تَوَكَّلُوا إِن كُنتُم مُّسْلِمِينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور موسیٰ (علیہ السلام) نے فرمایا کہ اے میری قوم! اگر تم اللہ پر ایمان رکھتے ہو تو اسی پر توکل کرو اگر تم مسلمان ہو (١)۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

آیات (84، 85، 86) میں ہے کہ جب بنی اسرائیل پر خوف کے آثار ظاہر ہوئے تو موسیٰ (علیہ السلام) نے ان سے کہا کہ اے میری قوم ! اگر تم لوگ اللہ پر ایمان لے آئے ہو، تو پھر اسلام کا تقاضا یہ ہے کہ اسی پر بھروسہ کرو، تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم نے اللہ پر بھروسہ کرلیا، اور دعا کی کہ اے ہمارے رب ! ظالم فرعونیوں کو ہم پر مسلط نہ کر، کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ ہمیں عذاب دے کر دین کی طرف سے آزمائش میں ڈال دیں، اور اپنے رحم و کرم سے ہمیں ان کافروں سے نجات دے۔