وَإِذْ جَعَلْنَا الْبَيْتَ مَثَابَةً لِّلنَّاسِ وَأَمْنًا وَاتَّخِذُوا مِن مَّقَامِ إِبْرَاهِيمَ مُصَلًّى ۖ وَعَهِدْنَا إِلَىٰ إِبْرَاهِيمَ وَإِسْمَاعِيلَ أَن طَهِّرَا بَيْتِيَ لِلطَّائِفِينَ وَالْعَاكِفِينَ وَالرُّكَّعِ السُّجُودِ
ہم نے بیت اللہ کو لوگوں کے لئے ثواب اور امن و امان کی جگہ بنائی (١) تم مقام ابراہیم کو جائے نماز مقرر کرلو (٢) ہم نے ابراہیم (علیہ السلام) اور اسماعیل (علیہ السلام) سے وعدہ لیا کہ تم میرے گھر کو طواف کرنے والوں اور اعتکاف کرنے والوں اور رکوع سجدہ کرنے والوں کے لئے پاک صاف رکھو۔
185: اللہ تعالیٰ نے امامت ابراہیم کی نشانی خانہ کعبہ کا ذکر فرمایا ہے۔ ابن عباس (رض) کہتے ہیں کہ مؤمن کے دل میں زیارت خانہ کعبہ کی خواہش ہر دم کروٹیں لیتی رہتی ہے۔ ایک بار زیارت کرکے لوگ اپنے گھروں کو لوٹتے ہیں تو دوبارہ زیارت کی خواہش پھر پیدا ہوجاتی ہے اور اس گھر کا زائر امن میں ہوتا ہے دور جاہلیت میں آدمی اپنے باپ یا بھائی کے قاتل کو کعبہ کے سامنے پاتا اور اسے کچھ نہیں کہتا تھا۔ یہ سب ابراہیم (علیہ السلام) کی دعا کی برکت تھی۔ 186: اس گھر کے بنانے والے (ابراہیم) کا رب العالمین کے یہاں وہ مقام ہے کہ اللہ نے ہمیشہ کے لیے ان کی یاد کو خانہ کعبہ سے جوڑ دیا اور ہر زائر کعبہ کو حکم دیا کہ وہ مقام ابراہیم کے پاس نماز پڑھے امام بخاری نے انس بن مالک (رض) سے روایت کی ہے، عمر بن الخطاب (رض) نے کہا کہ میرے رب نے تین باتوں میں میری موافقت کی۔ میں نے کہا اے اللہ کے رسول ! کاش مقام ابراہیم کو آپ نماز پڑھنے کی جگہ بنا دیتے تو یہ آیتİ وَاتَّخِذُوا مِنْ مَقَامِ إِبْرَاهِيمَ مُصَلًّىĬ نازل ہوئی (الحدیث) کہ تم لوگ مقام ابراہیم کو نماز پڑھنے کی جگہ بناؤ۔ مقام ابراہیم وہی پتھر ہے جس پر پاؤں رکھ کر ابراہیم (علیہ السلام) نے خانہ کعبہ کی دیوار بنائی تھی۔ یہ پتھر کعبہ کی دیوار سے لگا ہوا تھا، ایک شدید سیلاب میں بہہ کر مکہ کی وادی میں چلا گیا، تو امیر المؤمنین عمر بن الخطاب (رض) نے اسے وہاں سے لا کر دیوارِ کعبہ سے الگ جما دیا، اور کسی صحابی نے نکیر نہیں کی۔ حافظ ابوبکر بیہقی نے سند صحیح کے ساتھ عائشہ (رض) سے روایت کی ہے کہ مقام ابراہیم، رسول اللہ ﷺم) اور ابو بکر (رض) کے زمانے میں بیت اللہ سے لگا ہوا تھا، حضرت عمر (رض) نے اسے الگ کردیا۔ 187: اس میں ان مشرکین کی تردید ہے جو اللہ کے بجائے بتوں کی پرستش اس گھر کے پاس کرتے تھے جسے ابراہیم (علیہ السلام) نے صرف رب العالمین کی عبادت کے لیے بنایا تھا اور جسے ابراہیم اور اسماعیل نے اللہ کے حکم سے بتوں سے پاک کیا تھا، تاکہ ہمیشہ کے لیے یہ سنت قائم ہوجائے۔ اس آیت میں یہودو نصاری پر بھی نقد ہے کہ وہ لوگ ابراہیم (علیہ السلام) کی فضیلت و عظمت کا اعتراف کرتے ہیں، اور جانتے ہیں کہ انہوں نے ہی بیت اللہ کو حج وعمرہ میں طواف کرنے اور اس کے پاس اعتکاف اور نماز ادا کرنے کے لیے بنایا تھا، لیکن وہ لوگ ایسا نہیں کرتے، پھر خلیل اللہ (علیہ السلام) کے متبع کیسے ہوگئے؟ صحیح حدیث سے ثابت ہے کہ موسیٰ بن عمران اور ان کے بعد انبیاء علیہم السلام نے حج کیا تھا۔