سورة الضحى - آیت 9
فَأَمَّا الْيَتِيمَ فَلَا تَقْهَرْ
ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی
پس یتیم پر تو بھی سختی نہ کیا کر۔ (١)
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[٨] یتیم کی کفالت :۔ یعنی جس طرح ہم نے تمہاری یتیمی کے دوران ہر مرحلہ پر تمہارا خیال رکھا اسی طرح تم بھی یتیموں سے بہترین سلوک کرو۔ نہ انہیں دباؤ نہ ان پر سختی کرو، نہ انہیں بےیارومدد گار چھوڑ دو بلکہ ان کی ضرورتوں کا پورا پورا خیال رکھا کرو۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دوسرے مسلمانوں کو بھی یتیموں کی کفالت اور ان سے حسن سلوک کی ترغیب دیتے ہوئے فرمایا کہ : میں اور یتیم کا کفیل جنت میں اس طرح (اکٹھے) ہوں گے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی شہادت کی اور وسطی انگلی کی طرف اشارہ کیا اور انہیں تھوڑا سا کھول دیا (بخاری، کتاب الادب۔ باب فضل من یعول یتیما)