وَهُوَ الَّذِي كَفَّ أَيْدِيَهُمْ عَنكُمْ وَأَيْدِيَكُمْ عَنْهُم بِبَطْنِ مَكَّةَ مِن بَعْدِ أَنْ أَظْفَرَكُمْ عَلَيْهِمْ ۚ وَكَانَ اللَّهُ بِمَا تَعْمَلُونَ بَصِيرًا
وہی ہے جس نے خاص مکہ میں کافروں کے ہاتھوں کو تم سے اور تمہارے ہاتھوں کو ان سے روک لیا اس کے بعد کہ اس نے تمہیں ان پر غلبہ (١) دیا تھا اور تم جو کچھ کر رہے ہو اللہ تعالیٰ اسے دیکھ رہا ہے۔
[٣٤] صلح حدیبیہ کی مزید تفصیلات کے لئے درج ذیل احادیث ملاحظہ فرمائیے : ١۔ سیدنا انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ صبح کی نماز کے قریب آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ تنعیم کے پہاڑ سے اترے۔ کافر لوگ یہ چاہتے تھے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو مار ڈالیں مگر سب کے سب پکڑے گئے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سب کو آزاد کردیا۔ اس وقت اللہ تعالیٰ نے یہ آیت اتاری۔ (ترمذی۔ ابو اب التفسیر) ٢۔ حدیبیہ کے مقام پر آپ کا معجزہ اور پانی کی مشکل کا حل :۔ مسور بن مخرمہ اور مروان دونوں روایت کرتے ہیں کہ صلح حدیبیہ کے موقع پر آپ مکہ سے نکلے۔ ابھی راہ میں ہی تھے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’خالد بن ولید دو سو سواروں کا ہر اول دستہ لئے غمیم تک آچکا ہے۔ لہٰذا تم داہنی طرف کا رستہ لو‘‘ خالد کو مسلمانوں کی آمد کی اس وقت خبر ہوئی جب اس نے سواروں کی گرد اڑتی دیکھی تو وہ قریش کو ڈرانے کے لئے دوڑا۔ جب آپ اس گھاٹی پر پہنچے جہاں سے مکہ کو اترتے ہیں تو آپ کی اونٹنی قصواء اَڑ گئی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : قصواء کو اسی اللہ نے روکا ہے جس نے اصحاب الفیل کو روکا تھا۔ اور اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اگر اہل مکہ مجھ سے کوئی ایسی بات چاہیں جس میں اللہ کے حرم کی تعظیم ہو تو میں اسے مان لوں گا۔ چنانچہ آپ وہاں سے مڑ کر گئے اور حدیبیہ کے پرلے کنارے پر ڈیرے ڈال دیئے۔ وہاں ایک گڑھا تھا جس میں پانی بہت کم تھا۔ لوگوں نے آپ سے پیاس کا شکوہ کیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ترکش سے ایک تیر نکال کر صحابہ سے کہا کہ اسے گڑھے میں گاڑ دو تیر گاڑتے ہی پانی جوش مارنے لگا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وہاں سے واپسی تک کسی کو پانی کی کمی کی شکایت نہیں ہوئی۔ صلح کی تفصیل :۔ اس دوران بدیل بن ورقاء خزاعی اپنے کئی آدمیوں سمیت وہاں پہنچا۔ وہ تہامہ والوں میں سے آپ کا خیرخواہ اور محرم راز تھا۔ وہ کہنے لگا کہ ’’کعب بن لوئی اور عامربن لوئی نے حدیبیہ پہنچ کر زیادہ پانی والے چشموں پر ڈیرہ ڈال دیا ہے اور وہ آپ سے لڑنا اور آپ کو مکہ جانے سے روکنا چاہتے ہیں‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :’’ہم لڑنے نہیں آئے صرف عمرہ کی نیت سے آئے ہیں۔ قریش بھی لڑتے لڑتے تھک چکے ہیں۔ اگر وہ چاہیں تو میں ایک مقررہ مدت تک ان سے صلح کرنے کو تیار ہوں بشرطیکہ وہ دوسروں کے معاملہ میں دخل نہ دیں۔ اگر دوسرے لوگ مجھ پر غالب آجائیں تو ان کی مراد برآئی۔ اور اگر میں غالب ہوا پھر اگر وہ چاہیں تو اسلام لے آئیں ورنہ اللہ کی قسم! جس کے ہاتھ میں میری جان ہے میں ان سے دین کے معاملہ میں لڑوں گا۔ یہاں تک میری جان چلی جائے اور اللہ ضرور اپنے دین کو پورا کرکے رہے گا‘‘ بدیل نے کہا :’’ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ پیغام قریش کو پہنچا دیتا ہوں‘‘ بدیل بن ورقاء کا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام پہنچانا اور اس کا جواب :۔ چنانچہ بدیل قریش کے پاس آئے اور کہنے لگے :’’محمد (صلی اللہ علیہ وسلم )نے ایک بات کہی ہے‘‘ اتنی بات کہنے پر ہی کچھ جلد باز بے وقوف کہنے لگے۔ ہمیں کوئی بات سننے کی ضرورت نہیں۔ مگر جو عقل والے تھے وہ کہنے لگے کہ بتاؤ تو سہی وہ کیا کہتے ہیں۔ چنانچہ بدیل نے وہ سب کچھ بیان کردیا جو انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا تھا۔ قریش کے پہلے سفیر عروہ بن مسعود کی رپورٹ :۔ یہ سن کر عروہ بن مسعود ثقفی قریش سے کہنے لگے۔ اگر مجھ پر اعتماد کرتے ہو تو محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جانے دو۔ قریش نے کہا۔ اچھا جاؤ۔ عروہ آیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے بھی وہی بات کہی جو بدیل کو کہی تھی۔ عروہ کہنے لگا :’’محمد صلی اللہ علیہ وسلم اگر تم نے اپنی قوم کو تباہ کردیا تو یہ اچھی بات نہ ہوگی اور قریش غالب آگئے تو تمہارے یہ ساتھی تمہیں چھوڑ کر چلتے بنیں گے‘‘ اس بات پر ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ غصہ میں آگئے اور عروہ کو کہا : ’’جا جاکر لات کی شرمگاہ چوس۔ کیا ہم آپ کو چھوڑ جائیں گے؟‘‘ عروہ نے پوچھا : یہ کون ہے؟ لوگوں نے کہا :’’ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ ‘‘ عروہ نے کہا ’’اگر تمہارا مجھ پر احسان نہ ہوتا تو میں تمہیں اس کا جواب دیتا‘‘ پھر عروہ باتیں کرتا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی داڑھی تھام لیتا اور مغیرہ بن شعبہ تلوار کے دستے سے اس کا ہاتھ پیچھے ہٹا دیتے۔ پھر وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کو بغور ملاحظہ کرنے لگا۔ پھر اپنے ساتھیوں کے پاس جاکر کہنے لگا : ’’میں بادشاہوں کے پاس کئی بار جا چکا ہوں۔ روم، ایران اور حبش کے بادشاہوں کے ہاں گیا۔ اللہ کی قسم! میں نے نہیں دیکھا کہ کسی بادشاہ کے لوگ اس کی ایسی تعظیم کرتے ہوں جیسے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعظیم ان کے اصحاب کرتے ہیں۔ اگر انہوں نے تھوکا تو کوئی اپنے ہاتھ میں لیتا اور اپنے منہ اور بدن پر مل لیتا ہے۔ وہ کوئی حکم دیتا ہے تو لپک کر اس کا حکم بجا لاتے ہیں۔ وہ وضو کریں تو وضو کا پانی حاصل کرنے کے لئے قریب ہوتے تھے کہ لڑ مریں گے وہ بات کریں تو اپنی آواز پست کرلیتے ہیں اور از راہ ادب انہیں نظر بھر کر دیکھتے بھی نہیں۔ لہٰذا محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے جو بات کی ہے وہ تمہارے فائدے کی ہے۔ اس کو مان لو‘‘ دوسرے سفیر کی رپورٹ :۔ اب بنی کنانہ کا ایک شخص بولا ’’مجھے ان کے پاس جانے دو‘‘ لوگوں نے کہا : ’’اچھا جاؤ‘‘ جب وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب پہنچا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’اب جو شخص آرہا ہے۔ یہ بیت اللہ کی قربانی کی عظمت کرنے والوں سے ہے۔ لہٰذا قربانی کے جانور اس کے آگے کردو‘‘ چنانچہ وہ جانور اس کے سامنے لائے گئے اور صحابہ رضی اللہ عنہم نے لبیک پکارتے ہوئے اس کا استقبال کیا۔ یہ صورت حال دیکھ کر وہ کہہ اٹھا ’’سبحان اللہ ایسے لوگوں کو کعبے سے روکنا مناسب نہیں‘‘ وہ واپس چلا گیا اور جاکر کہا :’’ میں نے اونٹوں کے گلے میں ہار اور ان کے کوہان چرے خود دیکھے ہیں۔ میں تو انہیں بیت اللہ سے روکنا درست نہیں سمجھتا‘‘ تیسرا سفیر سہیل بن عمرو' اس کے اعتراضات اور صلح کی شرائط :۔ اس کے بعد قریش کی طرف سے سہیل بن عمرو (سفیر بن کر) آیا۔ اسے دیکھ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’اب تمہارا کام سہل ہوگیا‘‘ سہیل کہنے لگا : اچھا لائیے، ہمارے اور تمہارے درمیان ایک صلح نامہ لکھا جائے۔ آپ نے منشی (سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو بلایا اور فرمایا : ’’لکھو بسم اللہ الرحمن الرحیم سہیل کہنے لگا : عرب کے دستور کے موافق '' باسمک اللّٰھم'' لکھوائیے۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کاتب سے فرمایا : اچھا ''باسمک اللّٰھم'' ہی لکھ دو۔ پھر آپ نے لکھوایا: ''محمد اللہ کے رسول۔۔'' اس پر سہیل نے فوراً اعتراض کردیا اور کہا ’’محمد بن عبداللہ لکھوایا جائے‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’اچھا محمد بن عبداللہ ہی لکھ دو۔ اور لکھو محمد بن عبداللہ نے اس شرط پر صلح کی کہ تم لوگ انہیں بیت اللہ جانے دو گے ہم وہاں طواف کریں گے‘‘ سہیل نے کہا۔’’اگر ہم ابھی تمہیں جانے دیں تو سارے عرب میں چرچا ہوجائے گا کہ ہم دب گئے۔ لہٰذا تم آئندہ سال آؤ۔ (دوسری شرط) سہیل نے یہ لکھوائی۔ اگر ہم میں سے کوئی شخص خواہ وہ مسلمان ہوگیا ہو تمہارے پاس (مدینہ) چلا جائے تو تم اس کو ہمارے پاس لوٹادو گے‘‘ صحابہ کہنے لگے :’’سبحان اللہ! یہ کیسے ہوسکتا ہے۔ کہ وہ مسلمان ہو کر آئے اور اسے مشرکوں کے حوالے کردیا جائے؟‘‘ ابو جندل کا قصہ :۔ یہ باتیں ہو ہی رہی تھیں کہ اتنے میں سہیل بن عمرو کا اپنا بیٹا ابو جندل (جو مسلمان ہوچکا تھا) پابہ زنجیر مکہ سے فرار ہو کر مسلمانوں کے پاس جاپہنچا۔ سہیل کہنے لگا : محمد صلی اللہ علیہ وسلم ! یہ پہلا شخص ہے جو شرط کے موافق واپس کرنا چاہئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ابھی تو صلح نامہ پورا لکھا بھی نہیں گیا’’سہیل کہنے لگا : اچھا تو پھر میں صلح ہی نہیں کرتا‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’اچھا خاص ابو جندل کی پروانگی دے دو‘‘ سہیل کہنے لگا : ’’میں کبھی نہ دوں گا‘‘ آخر ابو جندل کہنے لگے : ’’میں مسلمان ہو کر آیا ہوں اور کافروں کے حوالہ کیا جارہا ہوں۔ دیکھو مجھ پر کیا کیا سختیاں ہوئی ہیں‘‘ سیدنا عمر کی دینی غیرت :۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ یہ صورت حال دیکھ کر میں آپ کے کے پاس آیا اور کہا آپ اللہ کے سچے پیغمبر ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا،’’کیوں نہیں‘‘ میں نے کہا، ’’کیا ہم حق پر اور دشمن ناحق پر نہیں؟‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’کیوں نہیں‘‘ میں نے کہا :’’تو پھر ہم اپنے دین کو ذلیل کیوں کریں‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :’’میں اللہ کا رسول اور اس کی نافرمانی نہیں کرتا وہ میری مدد کرے گا‘‘ میں نے کہا : ’’آپ نے تو کہا تھا کہ ہم کعبہ کے پاس پہنچ کر طواف کریں گے؟‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’مگر میں نے یہ کب کہا تھا کہ یہ اسی سال ہوگا‘‘ اس کے بعد میں نے ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے پاس جاکر وہی سوال کئے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے کئے تھے اور انہوں نے بھی بالکل وہی جواب دیئے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دیئے تھے۔ اس موقعہ پر مجھ سے جو بے ادبی کی گفتگو ہوئی اس گناہ کو دور کرنے کے لئے میں نے کئی نیک عمل کئے۔ صحابہ پر مایوسی کا عالم اور قربانی کرنے سے گریز جب صلح نامہ پورا ہوگیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ سے فرمایا : ’’اٹھو اور اونٹوں کو نحر کرو اور سر منڈاؤ‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ کلمات تین بار کہے مگر صحابہ (اتنے افسردہ دل تھے کہ کسی نے اس پر عمل نہ کیا) یہ صورت حال دیکھ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ام سلمہ رضی اللہ عنہا کے پاس جاکر ساری صورت حال بیان کی تو انہوں نے کہا :’’یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! آپ کسی سے کچھ نہ کہئے۔ بلکہ اپنے اونٹ نحر کیجئے اور حجامت بنوالیجئے‘‘ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا ہی کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھ کر سب صحابہ نے بھی اپنے اونٹ نحر کئے اور ایک دوسرے کے سر مونڈنے لگے۔ ابو بصیر اور ابو جندل کا قصہ آپ واپس مدینہ پہنچ گئے تو مکہ سے ایک شخص ابو بصیر مسلمان ہو کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آگیا۔ قریش نے اسے واپس لانے کے لئے دو آدمی مدینہ بھیجے اور کہا کہ ’’معاہدہ کی رو سے ابو بصیر کو واپس کیجئے‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ابو بصیر کو ان کے حوالے کردیا۔ ابو بصیر نے راستہ میں ایک شخص کو تو قتل کردیا اور دوسرا بھاگ نکلا اور بھاگ کر مدینہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس پہنچ گیا اور کہنے لگا : ’’اللہ کی قسم! میرا ساتھی مارا گیا اور میں بھی نہ بچوں گا‘‘ اتنے میں ابو بصیر بھی وہاں پہنچ گئے اور کہا : یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا عہد پورا کرتے ہوئے مجھے واپس کردیا تھا۔ اب اللہ نے مجھے اس سے نجات دلائی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’تیری ماں کی خرابی ہو اگر کوئی تیرا ساتھ دے تو تو لڑائی کو بھڑکانا چاہتا ہے‘‘ یہ سن کر ابو بصیر سمجھ گیا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پھر اسے لوٹا دیں گے چنانچہ وہ سیدھا نکل کر سمندر کے کنارے پہنچا اور ابو جندل بن سہیل بھی مکہ سے بھاگ کر ابو بصیر کے ساتھ آملا۔ اب قریش کا جو آدمی مسلمان ہو کر مکہ سے نکلتا وہ ابو بصیر کے پاس چلا جاتا یہاں تک ان کی ایک جماعت بن گئی اور قریش کا جو قافلہ شام کو جاتا اسے روک لیتے اور لوٹ مار کرتے۔ آخر قریش نے تنگ آکر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ اور رشتہ ناطہ کی قسمیں دے کر کہلا بھیجا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ابو بصیر کو اپنے ہاں بلالیں اور آئندہ جو مسلمان آپ کے پاس آئے وہ ہمیں واپس نہ کریں۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ابو بصیر کو اپنے پاس بلالیا۔ (بخاری۔ کتاب الشروط۔ باب الشروط فی الجہاد والمصالحۃ۔۔)