سورة الزمر - آیت 1

تَنزِيلُ الْكِتَابِ مِنَ اللَّهِ الْعَزِيزِ الْحَكِيمِ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اس کتاب کا اتارنا اللہ تعالیٰ غالب با حکمت کی طرف سے ہے۔

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[١] مکی سورۃ کا آغاز عموماً ایسی ہی آیات سے ہوا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ کفار مکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعوت اور کلام کو منزل من اللہ نہیں سمجھتے تھے۔ اس آیت میں ایک تو یہ بتایا گیا ہے کہ یہ کتاب نبی کی اپنی تصنیف نہیں بلکہ اللہ کی طرف سے نازل شدہ ہے۔ دوسرے یہ کہ وہ اللہ سب سے زبردست ہے اور اپنے فرامین و احکام کو نافذ کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔ تیسرے یہ کہ اللہ چونکہ حکیم ہے لہٰذا اس کا یہ کلام بھی حکمتوں سے لبریز ہے۔