سورة الشعراء - آیت 153
قَالُوا إِنَّمَا أَنتَ مِنَ الْمُسَحَّرِينَ
ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی
وہ بولے کہ بس تو ان میں سے ہے جن پر جادو کردیا گیا ہے۔
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[٩٣] حضرت صالح علیہ السلام کی دعوت پر جب چند کمزور قسم کے لوگ ایمان لے آئے۔ تو چودھری لوگ حضرت صالح علیہ السلام کا مذاق اڑانے لگے کہ ان لوگوں کے سہارے تم انقلاب لانا چاہتے ہو؟ کیا تمہاری عقل تو جواب نہیں دے گئی۔ معلوم ہوتا ہے کہ تم پر کسی نے جادو کردیا ہے جو ایسی بہکی بہکی باتیں کرنے لگے ہو۔ پھر جب صالح علیہ السلام کے پیروکاروں میں کچھ مزید اضافہ ہوگیا۔ تو چودھریوں کو کچھ فکر لاحق ہونے لگی اور ان کا انداز کلام بھی بدل گیا۔ کہنے لگے : تم بھی ہمارے ہی جیسے آدمی ہو آخر تم میں وہ کون سی زائد خوبی ہے کہ ہم تجھے اللہ کا رسول تسلیم کرلیں۔ ہاں اگر تم واقعی اپنے دعویٰ میں سچے ہو تو کوئی نشانی پیش کرو۔