سورة الانعام - آیت 119

وَمَا لَكُمْ أَلَّا تَأْكُلُوا مِمَّا ذُكِرَ اسْمُ اللَّهِ عَلَيْهِ وَقَدْ فَصَّلَ لَكُم مَّا حَرَّمَ عَلَيْكُمْ إِلَّا مَا اضْطُرِرْتُمْ إِلَيْهِ ۗ وَإِنَّ كَثِيرًا لَّيُضِلُّونَ بِأَهْوَائِهِم بِغَيْرِ عِلْمٍ ۗ إِنَّ رَبَّكَ هُوَ أَعْلَمُ بِالْمُعْتَدِينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور آخر کیا وجہ ہے کہ تم ایسے جانور میں سے نہ کھاؤ جس پر اللہ کا نام لیا گیا ہو حالانکہ اللہ تعالیٰ نے ان سب جانوروں کی تفصیل بتا دی ہے جن کو تم پر حرام کیا ہے (١) مگر وہ بھی جب تمہیں سخت ضرورت پڑجائے تو حلال ہے اور یہ یقینی بات ہے کہ بہت سے آدمی اپنے خیالات پر بلا کسی سند کے گمراہ کرتے ہیں اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اللہ تعالیٰ حد سے نکل جانے والوں کو خوب جانتا ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ انسان جائز اور ناجائز میں اللہ کا حکم چھوڑ دیتا ہے، علم نہیں رکھتا، خواہشات کا غلام ہوتا ہے۔ اللہ نے تفصیل سے قرآن کریم میں بتا دیا ہے کہ کیا حلال ہے اور کیا حرام ہے۔ حد سے گزرنیوالے: اس لحاظ سے کہ خود تو گمراہ تھے اور دوسروں کو بھی گمراہ کرنا چاہتے تھے جیسا کہ علما ء یہود نے کیا تھا اور اللہ حد سے گزر نے والوں کو خوب جانتا ہے۔