سورة المآئدہ - آیت 28
لَئِن بَسَطتَ إِلَيَّ يَدَكَ لِتَقْتُلَنِي مَا أَنَا بِبَاسِطٍ يَدِيَ إِلَيْكَ لِأَقْتُلَكَ ۖ إِنِّي أَخَافُ اللَّهَ رَبَّ الْعَالَمِينَ
ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی
گو تو میرے قتل کے لئے دست درازی کرے لیکن میں تیرے قتل کی طرف ہرگز اپنے ہاتھ نہیں بڑھاؤں گا، میں تو اللہ تعالیٰ پروردگار عالم سے خوف کھاتا ہوں۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
جب قابیل کی قربانی مردود ہوگئی تو اس کا غصہ انتقام میں بدل گیا اور اس نے اپنے بھائی ہابیل کو دھمکی دی کہ میں تمہیں جان سے مار ڈالوں گا۔ ہابیل نے کہا کہ اگر تمہاری قربانی قبول نہیں ہوئی تو اس میں میرا کیا قصور ہے۔ اور اگر تم مجھے مارنے پر ہی تلے ہوئے ہو تو میں تم پر ہاتھ نہیں اٹھاؤنگا۔ کیونکہ میں اسے بہت بڑا ظلم سمجھتا ہوں اور اللہ رب العالمین سے ڈرتا ہوں۔