رُّسُلًا مُّبَشِّرِينَ وَمُنذِرِينَ لِئَلَّا يَكُونَ لِلنَّاسِ عَلَى اللَّهِ حُجَّةٌ بَعْدَ الرُّسُلِ ۚ وَكَانَ اللَّهُ عَزِيزًا حَكِيمًا
ہم نے انہیں رسول بنایا، خوشخبریاں سنانے والے اور آگاہ کرنے والے (١) تاکہ لوگوں کی کوئی حجت اور الزام رسولوں کے بھیجنے کے بعد اللہ تعالیٰ پر رہ نہ جائے (٢) اللہ تعالیٰ بڑا غالب اور بڑا با حکمت ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فطرتاً انسان کو اتنی عقل دی ہے کہ وہ اللہ اور اس کی صفات کی معرفت حاصل کرسکے۔ انسان اتنا تو جانتا ہے کہ کوئی چیز خالق کے بغیر وجود میں نہیں آسکتی اور اگر کوئی چیز مدت دراز تک ایک مربوط نظام کے تحت حرکت کررہی ہے تو لازماً اس نتیجہ پر پہنچے گا کہ اس نظام کی نگہداشت کرنے والی بھی کوئی ہستی ضرور موجود ہے۔ ورنہ کوئی بھی چیز کچھ مدت بعد بگڑنا شروع ہوجاتی ہے اور اگر اسے بروقت درست نہ کیا جائے تو بالآخر تباہ ہوجاتی ہے لیکن چونکہ سب انسان ایک جیسی عقل کے مالک نہیں ہوتے اس لیے اللہ تعالیٰ نے رسول بھیج کر انسان کو کائنات کے تمام حقائق سے مطلع فرمادیا۔ اور سب رسولوں کا ایک ہی کام تھا اور وہ یہ کہ لوگ خدا کی بھیجی ہوئی تعلیم پر ایمان لائیں اور اپنے رویہ کو اس کے مطابق درست کرلیں، انھیں فلاح و سعادت کی خوشخبری سنادیں، اور جو فکر و عمل کی غلط راہوں پر چلتے ہیں ان کو اس غلط روی کے بُرے انجام سے آگاہ کردیں، اللہ نے حجت کو تمام کردیا، تاکہ انسان یہ نہ کہہ سکیں کہ انھیں کوئی ہدایت دینے والا نہیں آیا، اور اللہ غالب بھی ہے اور قدرت بھی رکھتا ہے۔ پیغمبر اپنے پیچھے کتابیں چھوڑ گئے جن میں سے کوئی نہ کوئی کتاب انسانوں کی راہنمائی کے لیے ہر زمانہ میں موجود رہی ہے اور جن تک اللہ کا پیغام پہنچ چکا ہے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پیغام کو ان لوگوں تک پہنچا دیں جن تک ابھی یہ پیغام نہیں پہنچا کیونکہ ایسے علماء ہی حقیقتاً انبیاء کے وارث ہوتے ہیں۔