سورة النسآء - آیت 80
مَّن يُطِعِ الرَّسُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللَّهَ ۖ وَمَن تَوَلَّىٰ فَمَا أَرْسَلْنَاكَ عَلَيْهِمْ حَفِيظًا
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
اس رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی جو اطاعت کرے اسی نے اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری کی اور جو منہ پھیر لے تو ہم نے آپ کو کچھ ان پر نگہبان بنا کر نہیں بھیجا۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
اللہ کا مطیع وہی ہے جو رسول اللہ کا مطیع ہو۔ کوئی لاکھ دعویٰ کرے کہ وہ اللہ اور قرآن کی اطاعت کرتا ہے وہ جھوٹا ہے جب تک کہ اللہ کے رسول کی سنت کا پابند نہ ہو۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ہر کوئی اپنے اعمال کا خود ذمہ دار ہے۔ ان کے اعمال کی آپ سے باز پُرس نہیں ہوگی، آپ کے سپرد تو صرف یہ کام ہے کہ آپ اللہ کے احکام و ہدایت کو لوگوں تک پہنچادیں۔ اب یہ آپ کا کام نہیں کہ ہاتھ پکڑ کر زبردستی راہ راست پر چلائیں۔