سورة النبأ - آیت 9

وَجَعَلْنَا نَوْمَكُمْ سُبَاتًا

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور ہم نے تمہاری نیند کو آرام کا سبب بنایا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

نیند کی حقیقت اور مقصد: نیند کیا چیز ہے؟ نیند بھی اللہ تعالیٰ کے معجزہ نما عجائب میں سے ہے۔ آج تک انسان کے لیے یہ معمہ بنی ہوئی ہے۔ ہم صرف اتنا جانتے ہیں کہ کام کرتے کرتے انسان جب تھک جاتا ہے تو اسے آرام کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن محض کام چھوڑ دینے سے تھکاوٹ دور نہیں ہوتی جب تک کہ نیند نہ آئے۔ نیند ایک اضطراری کیفیت ہے جو تھکے ہوئے انسان کو لیٹنے پر مجبور کرتی ہے پھر اس پر چھا جاتی ہے۔ کام کرتے کرتے انسان کے جو خلیے جل کر تباہ ہو جاتے ہیں۔ نیند کی حالت میں اس کی جگہ نئے خلیے پیدا ہوتے ہیں اور انسان کی نیند اس وقت تک پوری نہیں ہوتی جب تک جسم کی تعمیر و مرمت پوری نہیں ہو جاتی اور جب یہ کمی پوری ہو جاتی ہے تو انسان کی نیند کا وقت ختم ہو جاتا ہے اور وہ تازہ دم ہو کر از خود جاگ اُٹھتا ہے۔