سورة الجن - آیت 3

وَأَنَّهُ تَعَالَىٰ جَدُّ رَبِّنَا مَا اتَّخَذَ صَاحِبَةً وَلَا وَلَدًا

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور بیشک ہمارے رب کی شان بڑی بلند ہے نہ اس نے کسی کو (اپنی) بیوی بنایا ہے نہ بیٹا (١)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

جَدٌّ كے معنی عظمت وجلال كے ہیں۔ یعنی ہمارے رب كی شان اس سے بہت بلند ہے كہ اس كی اولاد یا بیوی ہو۔ گویا جنوں نے ان مشركوں كی غلطی كو واضح كیا جو اللہ كی طرف بیوی یا اولاد كی نسبت كرتے تھے۔ انھوں نے ان دونوں كمزوریوں سے رب كی تنزیہ وتقدیس كی۔ واضح رہے كہ قرآن كریم میں سورئہ احقاف ۲۹ تا ۳۲ میں بھی جنات كے قرآن سننے كا ذكر گزر چكا ہے۔ لیكن قرآن كے مضامین سے ہی معلوم ہوتا ہے كہ یہ دو الگ واقعات ہیں۔ سورئہ احقاف میں بیان شدہ واقعہ كے مطابق سننے والے جن مشرك نہیں تھے۔ بلكہ وہ حضرت موسیٰ علیہ السلام پر اور تورات پر ایمان ركھتے تھے۔ پھر قرآن سننے كے بعد وہ جن قرآن پر اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لے آئے تھے جب کہ اس سورت میں جن جنوں كا ذكر آیا ہے یہ مشرك تھے۔