سورة التحريم - آیت 12

وَمَرْيَمَ ابْنَتَ عِمْرَانَ الَّتِي أَحْصَنَتْ فَرْجَهَا فَنَفَخْنَا فِيهِ مِن رُّوحِنَا وَصَدَّقَتْ بِكَلِمَاتِ رَبِّهَا وَكُتُبِهِ وَكَانَتْ مِنَ الْقَانِتِينَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اور (مثال بیان فرمائی) مریم بنت عمران کی (١) جس نے اپنے ناموس کی حفاظت کی پھر ہم نے اپنی طرف سے اس میں جان پھونک دی اور (مریم) اس نے اپنے رب کی باتوں (٢) اور اس کی کتابوں کی تصدیق کی اور عبادت گزاروں میں تھی۔ (٣)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

حضرت مریم علیہا السلام: دوسری مثال حضرت مریم بنت عمران كی بیان كی جاتی ہے كہ وہ نہایت پاك دامن تھیں۔ ہم نے اپنے فرشتے جبرائیل كی معرفت ان میں روح پھونكی۔ حضرت جبرائیل كو انسانی صورت میں اللہ تعالیٰ نے حكم دے كر بھیجا كہ وہ اپنے منہ سے ان كے كرتے كے گریبان میں پھونك مار دیں اسی سے حمل رہ گیا اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام پیدا ہوئے۔ حضرت مریم علیہا السلام اپنے رب كی تقدیر اور شریعت كو سچ ماننے والی تھیں، اور پوری فرمانبردار تھیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے زمین پر چار لكیریں كھینچیں اور صحابہ رضی اللہ عنہم سے دریافت كیا كہ جانتے ہو یہ كیا ہے؟ انھوں نے جواب دیا كہ اللہ تعالیٰ اور اس كے رسول ہی كو پورا علم ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سنو! تمام جنتی عورتوں میں سے افضل خدیجہ رضی اللہ عنہا بنت خویلد اور فاطمہ بنت محمد، اور مریم بنت عمران اور آسیہ بنت مزاحم ہیں جو فرعون كی بیوی تھیں۔ (احمد: ۴/ ۴۰۹) الحمد للہ سورئہ التحریم كی تفسیر مكمل ہوئی۔ پروردگار ہمیں اپنے كلام كی سچی سمجھ عطا فرمائے اور عمل كی توفیق دے۔ باری تعالیٰ تو اسے قبول فرما اور اسے میرے لیے باقیات وصالحات میں سے كر دے۔ آمین