سورة التحريم - آیت 2

قَدْ فَرَضَ اللَّهُ لَكُمْ تَحِلَّةَ أَيْمَانِكُمْ ۚ وَاللَّهُ مَوْلَاكُمْ ۖ وَهُوَ الْعَلِيمُ الْحَكِيمُ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

تحقیق کہ اللہ تعالیٰ نے تمہارے لئے قسموں کو کھول ڈالنا مقرر کردیا ہے (١) اور اللہ تمہارا کارساز ہے وہی (پورے) علم والا، حکمت والا ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

قسموں كا كفارہ: یعنی كفارہ ادا كر كے، اس كام كو كرنے كی، جس كو نہ كرنے كی قسم كھائی ہو اجازت دے دی، قسم كا یہ كفارہ سورئہ المائدہ (۸۹) میں بیان كیا گیا ہے چنانچہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی كفارہ ادا كیا۔ (فتح القدیر) اللہ تمہارا سرپرست ہے: یعنی اللہ ہی تمہارے تمام معاملات كا نگران اور محافظ ہے، اس نے جو چیزیں حلال كی ہیں وہ بھی اپنے علم وحكمت كی بنا پر كی ہیں اور جو حرام كی ہیں وہ بھی علم وحكمت كی بنا پر ہی كی ہیں تمہارا كام بس یہ ہے كہ تمہیں كسی حكم كی حكمت سمجھ آئے یا نہ آئے اس كے احكام كی اطاعت كرتے جاؤ۔